اسرائیلی فوج کا بھیس بدل کر ابن سینا ہسپتال پر دھاوا، 3 فلسطینی شہید

غزہ: (انٹرنیشنل ویب ڈیسک) مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجی بھیس بدل کر ہسپتال میں داخل ہو گئے اور فائرنگ کر کے 3 فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج کی غزہ کے ساتھ مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی جارحیت جاری ہے، قابض فورسز کے اہلکاروں نے مقبوضہ مغربی کنارے میں جنین شہر کے ابن سینا ہسپتال کا محاصرہ کیا اور فلسطینیوں کو ظلم کا نشانہ بنایا۔

اسرائیلی فوجی اہلکار ڈاکٹر، نرس اور عام شہریوں کے لباس میں ہسپتال میں داخل ہوئے، اندھا دھند فائرنگ کر کے دو بھائیوں سمیت 3 فلسطینیوں کو شہید کر دیا، اس کے علاوہ صہیونی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے متعدد شہروں سے 18 فلسطینیوں کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔

فلسطینی اسیران کلب کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں 7 اکتوبر سے اب تک 6 ہزار 390 فلسطینی گرفتار کیے جا چکے ہیں، غزہ میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 26 ہزار 751 فلسطینی شہری شہید ہوئے جبکہ 65 ہزار 636 زخمی ہو چکے ہیں۔