اسرائیلی فورسز کی خونریز کارروائیاں جاری ، مزید 215 فلسطینی شہید

غزہ : (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) صیہونی فوج کی غزہ میں خونریز کارروائیاں جاری ہیں ، 24 گھنٹوں کے دوران مزید 215 فلسطینی شہید ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی کے پناہ گزین سکول کا محاصرہ کرلیا، گولہ باری اور فائرنگ سے 10 فلسطینی شہید ہوگئے۔

قابض فوج کی مغربی کنارے میں بھی جارحیت رک نہ سکی، مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران مزید 5 فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے، صیہونی فوج نے بمباری میں نور شمس کیمپ میں بجلی اور پانی کی لائنوں کو تباہ کردیا جبکہ بلڈوزروں نے تلکریم سمیت مختلف علاقوں میں سڑکیں اُکھاڑ دیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 215 فلسطینی اسرائیلی دہشت گردی کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں، جس کے بعد 7 اکتوبر سے اب تک شہدا کی مجموعی تعداد 26 ہزار 650 تک پہنچ گئی جبکہ 65ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہیں۔

خبررساں اداروں کے مطابق اسرائیلی فوج کا الا امل اور ناصر ہسپتالوں کا محاصرہ نویں روز بھی جاری ہے۔ ادھر اسرائیلی فوج نے شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی حمایت یافتہ گروپوں کے ٹھکانوں پر بھی حملہ کیا جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاھو نے ایک بار پھر ریلیف ایجنسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس کے ساتھ عدم تعاون پر زور دیا ہے۔