امریکا کون ہوتا ہے ہمیں دہشت گرد قرار دینے والا: حماس

غزہ: (انٹرنیشنل ڈیسک) حماس کے ترجمان و سینئر رہنما ڈاکٹر خالد قدومی نے کہا کہ امریکا کون ہوتا ہے جو ہمیں قتل کرنے یا دہشتگرد قرار دے، پہلے فلسطین کو ریاست بنائیں پھر دوسری بات ہوگی۔

ڈاکٹر خالد قدومی نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا ویتنام کا قاتل ہے، امریکا جس کو دہشتگرد قرار دے سمجھو وہ اچھا انسان ہے، اسرائیل سب سے بڑا منافق ہے جس مذہب کو مانتا ہے وہاں دہشتگردی کر رہا ہے، جس پر 5 سو مقدمات درج ہیں وہ اسرائیل کا وزیر بنا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا اسرائیل ایک صدی سے ہمارے ساتھ جو کچھ کر رہا ہے اس پر کسی نے آواز بلند نہیں کی، حماس کی کارروائی میں 300 سے زائد اسرائیلی فوجی مارے جا چکے ، اللہ تعالیٰ ہمیں صبر دے جنگ فلسطین ہی جیتا ہے۔

ڈاکٹر خالد قدومی نے کہا کہ فلسطینوں کی کارروائی کی وجہ سے اسرائیل کی معیشت بیٹھ گئی ہے ، نقصانات کے باوجود غزہ پر حملہ کر رہا ہے، ہمارے 11 ہزار قیدی اسرائیل کے پاس ہیں، پہلے فلسطین ریاست بنائیں پھر ہم دوسری بات کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عرب لیگ کمزور نظر آرہی ہے غزہ میں پانی تک نہیں پہنچا سکی، ہم نے کہا کہ طیاروں سے جگہ جگہ سے کھانا گرائیں لیکن وہ بھی نہیں ہو سکا، اسرائیل کا فلسطین پر کوئی حق نہیں، بیت المقدس کو بچانا آپ کی ذمہ داری ہے۔