امریکا اوربرطانیہ کے یمن بندرگاہ پر فضائی حملے

نیویارک : (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) امریکا اور برطانیہ نے یمن کے تیل برآمد کرنے والے اہم ٹرمینل راس عیسیٰ کی بندرگاہ پر فضائی حملے کیے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حوثیوں کے زیرانتظام المسیرہ ٹی وی کا کہنا ہے کہ امریکا اور برطانیہ نے یمن کے صوبہ الحدیدہ میں بندرگاہ پر فضائی حملہ کیا۔

یہ فضائی حملے ایسے وقت میں کیے گئے گزشتہ روز حوثیوں نے خلیج عدن میں برطانوی تیل بردار جہاز پر میزائل داغے تھے، حملے کے باعث آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی تاہم حوثیوں کے حملے میں جہاز کا عملہ محفوظ رہا۔

حوثیوں کے ترجمان نے ایک بیان میں واضح کیا تھا کہ غزہ پر اسرائیل اور بحیرہ احمر میں امریکی اور برطانوی جارحیت کے جواب میں حملہ کیا گیا۔

واضح رہے اسرائیل کی غزہ میں جاری جنگ کے خلاف ایرانی حمایت یافتہ حوثیوں نے پچھلے کم سے کم دو ماہ سے بحیرہ احمر میں میزائل اور راکٹ حملے شروع کر رکھے ہیں۔

جبکہ امریکہ اور اس کے اتحادی ان حوثی حملوں کو روک رہے ہیں، امریکہ نے اپنے سب سے بڑے یورپی اتحادی برطانیہ کے ساتھ مل کر 12 جنوری سے یمن پر ایک بار پھر حملوں کا باقاعدہ آغاز کر کے حوثی مراکز کو نشانہ بنانے کا سلسلہ شروع کیا ہے تاکہ حوثیوں کی حملے کرنے کی صلاحیت کو کمزور کر سکے۔