امریکا: سرد موسم اور طوفانی برفباری ، ہلاکتیں90 تک پہنچ گئیں

واشنگٹن : (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) امریکا میں طوفانی برف باری ، سردموسم اور اس دوران ہونیوالے حادثات سے اموات کی تعداد 90 تک پہنچ گئی ہیں ۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق صرف دو ریاستوں اوریگان اور ٹینیسی میں41 اموات ریکارڈ کی گئی جہاں شدید برفانی طوفانوں کے بعد ہنگامی حالت نافذ ہے۔

برفانی طوفانوں نے بجلی کی ترسیل کے نظام کو بری طرح متاثر کیا ہے اور ملک کے طول و عرض میں لاکھوں افراد کو بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں سردی کی شدید لہر رواں ہفتے کے وسط تک جاری رہنے کا امکان ہے، اوریگان اور ٹینیسی کے علاوہ الی نوائے، پنسلوانیا، مسی سیپی، واشنگٹن، کینٹکی، وسکونسن، نیویارک، نیو جرسی اور دیگر ریاستوں میں بھی اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

اوریگان کے علاقے پورٹ لینڈ میں تیز ہوائوں کے باعث بجلی کی لائن کی ایک تار ایک گاڑی پر جا گری جس میں سوار تین افراد بجلی کا کرنٹ لگنے سے ہلاک ہو گئے ، واقعہ میں گاڑی میں سوار ایک بچہ محفوظ رہا۔

کینٹکی میں پانچ اور الینوائے میں چار ٹریفک حادثات میں ایک شخص کی موت واقع ہوئی ،سیاٹل میں چار دنوں کے دوران پانچ بے گھر افراد کی موت واقع ہوئی، ریاست مسی سیپی میں انتہائی ضرورت کے تحت گاڑی لے کر سڑک پر سفر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ریاست کے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں سرما کی تعطیلات میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

ان حالات کے درمیان ریاست مسی سیپی کے دارالحکومت جیکسن میں پانی کی قلت بھی پیدا ہو گئی ہے اور میمفس کے علاقے میں پانی کی فراہمی کے نظام کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
علاوہ ازیں اتوار کی سہ پہر تک اوریگان میں تقریباً10 ہزار ، شمالی کیرولائنا میں 8 ہزار، کیلیفورنیا میں 7 ہزار اور کینٹکی میں 4,300 افراد کو بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ ماہرین موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید برف باری کے بعد رواں ہفتےکے اختتام پر گرم ہوا اور بارش مڈویسٹ اور شمال مشرقی امریکا کے کچھ حصوں میں سیلاب کا باعث بن سکتی ہے۔