ایران، پاکستان کشیدگی : اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا اظہار تشویش

نیویارک : (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ایران اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک تحمل کا مظاہرہ کریں تاکہ کشیدگی میں مزید اضافہ نہ ہو، دونوں ممالک خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اچھے ہمسایہ تعلقات کے اصولوں کے مطابق مسائل حل کریں۔

انتونیو گوتریس کا مزید کہنا تھا کہ سلامتی کے تمام خدشات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔

یورپی یونین کا اظہار تشویش

دوسری جانب یورپی یونین نے بھی پاکستان ایران کی صورت حال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ، ترجمان یورپی یونین کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ اور اس سے باہر بڑھتے پُرتشدد واقعات پر گہری تشویش ہے۔

ترجمان کے مطابق پاکستان، عراق اور ایران میں ہوئے حملے یورپی یونین کیلئے باعث تشویش ہیں، حملوں سے ممالک کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کی خلاف ورزی ہوئی ہے، حملوں سے خطے میں عدم استحکام کے اثرات پیدا ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ 16 جنوری کو علی الصبح ایران کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود میں حملے کے نتیجے میں 2 معصوم بچے جاں بحق اور 3 بچیاں زخمی ہوگئیں۔

پاکستان نے گزشتہ روز بلوچستان پر حملے کے جواب میں آپریشن ’مرگ بر ، سرمچار‘ کے ذریعے ایران کو جواب دے دیا۔