بحیرہ احمر میں کشیدگی برقرار، حوثیوں کا امریکی جہاز پر میزائل حملے کا دعویٰ

صنعا: (انٹرنیشنل ویب ڈیسک) خلیج عدن میں کشیدگی برقرار ہے، حوثیوں نے امریکی جہاز پر میزائل حملہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے، حملے میں کسی قسم کے نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق حوثی نیول فورسز کی جانب سے چم رینجرز نامی امریکی جہاز پر میزائل داغے گئے تاہم حملے میں جہاز یا عملے کو نقصان نہیں پہنچا، چم رینجرز امریکا کی ملکیت مارشل آئی لینڈز کا جھنڈا بردار آئل ٹینکر ہے۔

برطانوی میری ٹائم رسک منیجمنٹ کمپنی نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ امریکی جہاز جدہ سے کویت کے علاقے شویک جا رہا تھا جب حملے کی اطلاع ملی، ایک میزائل جہاز سے 30 میٹر دور سمندر میں گرا ہے۔

دوسری جانب امریکا اور برطانیہ کی جانب سے یمن میں 4 مقامات پر حملے کیے گئے ہیں، حملوں میں حوثیوں کے مختلف مقامات کو نشانہ بنایا گیا، حالیہ دنوں میں یہ امریکی فوج کی جانب سے یہ چوتھی کارروائی ہے جس میں یمن میں سرگرم گروپ پر براہ راست حملہ کیا گیا ہے۔

گزشتہ ہفتے بھی امریکا اور برطانیہ نے یمن میں حوثیوں کے خلاف بڑا آپریشن کیا تھا اور ملک بھر میں ان کے 60 سے زیادہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا تاہم حملوں اور پابندیوں کے باوجود حوثیوں کی جانب سے تجارتی اور فوجی جہازوں کو ہراساں کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔