کابل: (انٹرنیشنل ویب ڈیسک) افغانستان کی طالبان حکومت نے پاکستان اور ایران کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کے معاملے پر تحمل سے کام لینے کی اپیل کر دی ہے۔
امارات اسلامیہ افغانستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان عبدالقہار بلخی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ طویل مسلط کردہ جنگوں اور عدم استحکام کے بعد طالبان حکومت کے قیام سے خطے میں امن قائم ہوا ہے تاہم ایران اور پاکستان کے درمیان شروع ہونے والی کشیدگی اور حملے تشویش ناک ہیں جس نے خطے میں پھر سے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
عبدالقہار بلخی نے کہا کہ حالیہ دنوں میں پیدا ہونے والی صورتحال پر پاکستان اور ایران سے تحمل سے کام لینے کی اپیل کرتے ہیں، دونوں پڑوسی ممالک پر علاقائی استحکام کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اپنے تنازعات کو سفارتی ذرائع اور مذاکرات سے حل کرنے پر زور دیتے ہیں۔
دوسری جانب چین نے پاکستان اور ایران کے درمیان ہونے والی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات معمول پر لانے کیلئے ثالثی کا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں جبکہ روس نے بھی تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ توقع ہے دونوں فریقین تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں گے اور کشیدگی سے گریز کریں گے، اگر دونوں فریقین چاہیں تو ہم صورت حال بہتر کرنے کیلئے تعمیری کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں۔