ایل پی جی مافیا نے پاک ایران کشیدگی کو جواز بنا کر قیمت میں فی کلو 10روپے کااضافہ کردیا

لاہور( این این آئی) ایل پی جی مافیا نے پاک ایران کشیدگی کو جواز بنا کر ایل پی جی کی قیمت میں فی کلو 10روپے کااضافہ کردیا ،گھریلوسلنڈر120 اور کمرشل سلنڈر 450روپے مہنگا ہو گیا ۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر کے مطابق اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کی رواں ماہ کے لیے سرکاری قیمت 256روپے مقرر ہے تاہم اوپن مارکیٹ میں ایل پی جی 320سے لے کر 330روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایل پی جی مہنگی فروخت کرنے والوں کے خلاف اوگرا سمیت کوئی بھی ادارہ کارروائی نہیں کر رہا جس کی وجہ سے عوام کا استحصال ہو رہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ ایل پی جی مافیا اور ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں پرگرفت نہ ہونے کی وجہ سے مارکیٹ میں ایل پی جی سرکاری نرخوںکی بجائے مہنگی فروخت ہو رہی ہے ۔ہم ایل پی جی 300سے 310میں خرید کرکے کیسے 280یا 290روپے میں فروخت کریں ۔اوگرا اور پولیس دکانداروںکو پکڑ لیتی ہے جبکہ جو کمپنیاں مہنگی ایل پی جی فروخت کر رہی ہیں اور روزانہ کروڑوں روپے کماتی ہیں ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوتی ۔