واشنگٹن : (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) امریکا اور برطانیہ کی جانب سے یمن میں 4 مقامات پر حملے کیے گئے ہیں۔ امریکا کی جانب سے ایک بار پھر حوثیوں کے مختلف مقامات کونشانہ بنایا گیا ہے ، حوثی میڈیا کے مطابق امریکا اور برطانیہ نے یمن میں الحدیدہ، تائض، دھمار، البیدا اور سادا گورنریٹ کو نشانہ بنایا ہے۔
امریکی سینٹرل کمان کے مطابق امریکی فورسزنے یمن میں حوثیوں کے 14 میزائلوں پر حملہ کیا ہے
امریکی سینٹرل کمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ حوثی میزائل بحیرۂ احمر میں تجارتی جہازوں کے لیے خطرہ تھے۔
حالیہ دنوں میں یہ امریکی فوج کی جانب سے یہ چوتھی کارروائی ہے جس میں یمن میں سرگرم گروپ کو براہ راست نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ اسرائیل اور حماس کی جنگ کے بعد مشرق وسطٰی میں بھی تشدد کی لہر کا پھیلاؤ جاری ہے۔
علاوہ ازیں جمعے کو بھی امریکہ اور برطانیہ نے یمن میں حوثیوں کے خلاف بڑا آپریشن کیا تھا اور ملک بھر میں ان کے 60 سے زیادہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا تاہم حملوں اور پابندیوں کے باوجود حوثیوں کی جانب سے تجارتی اور فوجی جہازوں کو ہراساں کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری جانب امریکا نے حوثیوں کو دوبارہ عالمی دہشت گرد نامزد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر کا کہنا ہے کہ امریکی وزیرِ خارجہ حوثیوں کو عالمی دہشت گرد نامزد کر چکے ہیں، حوثی امریکا کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔
واضح رہے کہ یمن کے حوثی باغی ، اسرائیل کی جانب سے غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کے خلاف جاری نسل کشی کے جواب میں اسرائیل جانے والے بحری جہازوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔