تل ابیب : (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) اسرائیلی فوج کے سربراہ ہیرزی حیلوی نے کہا ہے کہ اسرائیل کی شمالی سرحد پر لبنان کے ساتھ جنگ کا خطرہ زیادہ بڑھ گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق سرحدی علاقے کے دورے کے دوران فوجی سربراہ نےگزشتہ روز ایک بیان میں کہا کہ میں یہ نہیں بتا رہا کہ یہ جنگ کب ہو گی لیکن یہ واضح ہے کہ یہ جنگ ہوتی نظر آرہی ہے، یہ آنے والے مہینوں میں کسی بھی وقت ہو سکتی ہے۔
اسرائیل کے فوجی سربراہ نے کہا کہ ماضی میں اس جنگ کا خطرہ اس قدر نہیں تھا مگر اب یہ بہت بڑھ گیا ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے حال ہی میں کم از کم دو بار لبنان کے اندر تک بڑے حملے کیے ہیں ، ان حملوں سے جنگی خدشے میں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ سرحدوں پر اسرائیلی فوج اور حزب اللہ کے درمیان دوطرفہ جھڑپیں اب معمول بن گئی ہیں۔