جنگ 2025 تک جاری رہ سکتی ہے، اسرائیلی وزیراعظم

تل ابیب(این این آئی)اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں حماس کے خلاف جنگ 2025 تک جاری رہ سکتی ہے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کے کمانڈ سینٹر میں اسرائیلی جنگی کابینہ کے اراکین کے مقامی کونسلوں کے سربراہوں کا اجلاس ہوا۔اس اجلاس میں اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ حماس کے خلاف جنگ 2025 تک جاری رہے گی۔ نیتن یاہو نے وزارت دفاع کی طرف سے پیش کردہ منصوبے پر بھی اتفاق کیا جس میں غزہ کی سرحد کے قریب سے نقل مکانی کرنے والے آباد کاروں کے 4 سے 7 کلو میٹر تک خالی کیے گئے علاقے میں واپسی کے لیے انہیں مالی مدد کی فراہمی کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی جارحیت جاری ہے جس کے نتیجے میں اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 24 ہزار 285 ہوگئی ہے جن میں 10 ہزار سے زائد بچے اور سیکڑوں خواتین شامل ہیں۔رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حملوں میں 61 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی بھی ہوچکے ہیں جبکہ سیکڑوں اسپتال اور عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن چکی ہیں۔