جاپان میں شدید برفباری ،رن وے پر مسافر طیارے ٹکرا گئے

ٹوکیو(این این آئی)جاپان کے نیو چٹوز ہوائی اڈے میں دو مسافر طیارے رن وے پر ا?پس میں ٹکرا گئے جن میں سے ایک طیارے میں 280 سے زائد افراد موجود تھے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان میں دو ہفتوں کے دوران دوسری بار دو مسافر بردار طیارے آپس میں ٹکرا گئے۔ تازہ واقعہ شہر ہوکائیڈو میں نیو چٹوز ہوائی اڈے پر پیش آیا۔کورین ایئر لائن کے طیارے میں 289 مسافر موجود تھے جو رن وے پر کھڑے ہانگ کانگ کی ایئرلائن کیتھے پیسفیک سے ٹکرایا گیا جس میں کوئی مسافر نہیں تھا۔

تصادم کے بعد رن وے پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔سیکیورٹی حکام نے حادثے کے شکار طیاروں کے ارد گرد کے علاقے کو حصار میں لے لیا جب کہ فائر بریگیڈ اور ایوی ایشن کے عملے نے امدادی کاموں کا آغاز کردیا۔تاحال حادثے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ برفباری کے باعث نیو چٹوز ایئرپورٹ پر درجنوں پروازیں پہلے ہی منسوخ ہیں۔