گھی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں عمومی کمی کارحجان

لاہور ( این این آئی) ملک میں گھی اورخوردنی تیل کی قیمتوں میں دسمبر2023ء کے دوران عمومی کمی کارحجان دیکھنے میں آیا ہے۔پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ ماہانہ رپورٹ کے مطابق دسمبرمیں 5کلو ڈالڈا کوکنگ آئل کی اوسط قیمت 2787.10روپے ریکارڈ کی گئی جو نومبر کے 2834.43روپے کے مقابلہ میں 1.67 فیصد کم ہے۔

اعدادوشمارکے مطابق دسمبر2023ء میں ڈھائی کلو ڈالڈا بناسپتی گھی کی اوسط قیمت 1328.77روپے ریکارڈکی گئی جونومبرکے مقابلہ میں 2.41 فیصد کم ہے، نومبرمیں ملک میں ڈھائی کلو ڈالڈا بناسپتی گھی کی اوسط قیمت 1361.52 روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔دسمبر میں ایک کلو ڈالڈا بناسپتی گھی کی اوسط قیمت 506.57 روپے ریکارڈ کی گئی جو نومبر کے مقابلہ میں 1.59 فیصدکم ہے، نومبرمیں ملک میں ایک کلو ڈالڈا بناسپتی گھی کی اوسط قیمت514.74 روپے ریکارڈکی گئی۔رپورٹ کے مطابق اس عرصے کے دوران سرسوں کے تیل کی قیمت میں دسمبر میں اضافہ ہوا، دسمبر میں ایک لیٹر سرسوں کے تیل کی قیمت 504.56 روپے ریکارڈ کی گئی جو نومبر کے 502.74 روپے کے مقابلے میں 0.34 فیصد زیادہ ہے۔