چین کا پانچ امریکی دفاعی کمپنیز پر پابندیاں عائد کرنیکااعلان

بیجنگ(این این آئی)چین نے پانچ امریکی کمپنیوں پر تائیوان کو ہتھیاروں کی فروخت پر پابندیاں عائدکردیں،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اتوارکو ایک بیان میں چینی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ چین دفاعی شعبے سے تعلق رکھنے والی امریکی کمپنیاں الائنٹ ٹیک سسٹمز آپریشنز، ایرو وائرونمنٹ، ویا سیٹ، ڈیٹا لنک سلوشنز، اور بی اے ای سسٹمز لینڈ اینڈ آرمامنٹ پر پابندیاں عائد کرنے کے لیے تیار ہے۔

ان پابندیوں میں چین میں ان فرموں کی جائیدادوں کو منجمد کرنا اور ایشیائی ملک میں تنظیموں اور شہریوں کو لین دین کرنے یا ان کے ساتھ تعاون کرنے سے منع کرنا شامل ہے۔وزارت خارجہ کے ترجمان نے بیان میں کہاکہ چینی حکومت قومی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنے عزم میں اٹل ہے، بیان میں امریکہ پر زور دیاگیا کہ وہ تائیوان کو مسلح کرنا بند کرے، اور چین کو غیر قانونی یکطرفہ پابندیوں کا نشانہ بنانا بند کرے۔ترجمان نے خبردار کیا کہ بصورت دیگر چین کی جانب سے سخت اور پرعزم جواب دیا جائے گا۔