انڈونیشیا میں امام مسجد دوران سجدہ انتقال کر گئے

جکارتہ(این این آئی)انڈونیشیا میں نماز فجر کی امامت کے دوران امام کی روح سجدے کی حالت میں پرواز کر گئی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یوں تو ایک مسلمان ہونے کی حیثیت سے ہر ایک شخص کی یہ ہی خواہش ہوتی ہے کہ اس کی موت ایمان کی حالت میں ہو اور اگر کسی کی موت حالت نماز میں ہوجائے تو اس سے بہتر موت اور کیا ہوگی۔سوشل میڈیا پر ایک ایسی ہی ویڈیو وائرل ہے جس میں امام نماز پڑھاتے ہوئے سجدے کی حالت میں اس فانی دنیا سے رخصت ہوجاتے ہیں۔

وائرل ویڈیو میں ہم یہ بھی دیکھ سکتے ہیں، جب امام صاحب کافی دیر تک سجدے کی حالت سے اٹھ نہ سکے تو پہلی صف میں موجود ایک شخص نے نماز مکمل کرائی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ واقعہ 2روز قبل انڈونیشیا کے مشرقی علاقے کلیمنتن کی مسجد میں فجر کے وقت پیش آیا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سجدے کی حالت میں انتقال کرجانے والے نوجوان امام شیخ نفیس تھے، ان کے انتقال کے بعد جس شخص نے نماز مکمل کروائی وہ مسجد کے موذن تھے۔

یہ منظر مسجد میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کرلیا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نماز فجر مکمل کرنے کے بعد امام کو فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی موت کی تصدیق کی گئی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نمازیوں کے مطابق امام مسجد کی صحت بالکل ٹھیک تھی۔ نماز پڑھتے وقت ان پر اکثر رقت طاری ہوجایا کرتی تھی۔ وہ نیک اور رحم دل انسان تھے جو مسجد کا مکمل دھیان اور نمازیوں کا پورا خیال رکھتے تھے۔