ترکیہ،اسرائیل کیلئے جاسوسی کے الزام میں33افراد گرفتار

استبول(این این آئی)ترکیہ میں اسرائیلی خفیہ ایجنسی موسادکیلئے جاسوسی کرنے کے الزام میں 33افرادکو گرفتار کرلیا گیا۔ترک وزیر داخلہ کے مطابق انسداد دہشت گردی کی کارروائی میں پولیس نے 8صوبوں کے57مقامات پر چھاپے مارے، اس دوران 33مشتبہ افرادکو گرفتار کیا گیا۔ترک وزیر داخلہ نے بتایاکہ مزید 13مشتبہ افراد کی تلاش جاری ہے،گرفتار افراد ترکیہ میں رہائش پذیر غیرملکیوں کی شناخت کرکے ان کو اغوا و قتل کے منصوبے پرکام کر رہے تھے۔

ترک وزیر داخلہ نے بتایاکہ ترکیہ اپنی سرزمین پر ایسی کسی سرگرمی کی اجازت نہیں دے گا جو قومی اتحاد اور سلامتی کے لیے نقصان دہ ہوں۔انہوںنے کہاکہ کارروائی کے دوران بھاری تعداد میں غیرملکی کرنسی اور اسلحے سمیت جاسوسی کے آلات بھی برآمد کیے گئے۔خیال رہے کہ ترکیہ اسرائیل کو بیرون ملک کسی بھی حماس رہنما پر حملہ کرنے پر سنگین نتائج سے پہلے ہی خبردار کر چکا ہے۔گزشتہ دنوں قطر سے واپسی پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ترک صدر نے خبردار کیا تھا کہ اگر اسرائیل نے ترکیہ میں حماس کے ارکان کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تو اسے بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔