غزہ: (انٹرنیشنل ڈیسک) حماس نے گزشتہ 4 روز کے دوران 16 اسرائیلی فوجی ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ترجمان حماس ابوعبیدہ نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 4 روز کی جنگ کے دوران 16 اسرائیلی فوجی ہلاک جبکہ درجنوں زخمی کر دیئے۔
ابوعبیدہ کا کہنا تھا کہ حماس کے جنگجوؤں نے اسرائیلی فوج کے 42 آپریشنز کو ناکام بنایا، مختلف حملوں میں 71 اسرائیلی فوجی گاڑیاں بھی تباہ ہوئیں، اسرائیلی ڈرونز بھی مار گرائے۔
ادھر لبنان میں سدرن بارڈر پر حزب اللہ اور اسرائیلی افواج میں جھڑپیں جاری ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے 2 لبنانی گاؤں پر شدید بمباری کی جس میں لبنان کے 4 شہری جاں بحق ہوگئے، حزب اللہ نے اسرائیلی فوج کے 2 ٹھکانوں کا نشانہ بنایا۔
دوسری جانب مغربی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج زمینی آپریشن میں ناکام ہوگئی۔
مغربی میڈیا کا کہنا ہے کہ فرینڈلی فائر میں درجنوں اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے،2 اسرائیلی فوجی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے جبکہ 9 ٹینکوں کے نیچے آ کر کچلے گئے۔
مغربی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے غزہ سے بڑی تعداد میں اپنے فوجی واپس بلانے کا اعلان کیا ہے۔