اسرائیل کا بیروت میں حماس کے دفتر پر ڈرون حملہ، 4 افراد جاں بحق

بیروت: (انٹرنیشنل ویب ڈیسک) اسرائیلی فوج نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے دفتر پر ڈرون حملہ کیا ہے۔ لبنانی میڈیا کے مطابق اسرائیلی ڈرون حملہ بیروت میں واقع حماس کے دفتر پر کیا گیا، حملے کے نتیجے میں عمارت کو نقصان پہنچا اور متعدد گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔

عرب میڈیا کے مطابق حملے میں 4 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں، جس علاقے میں حملہ ہوا ہے وہ حزب اللہ کے زیر اثر ہے اور وہاں حماس سمیت فلسطینی گروپ سرگرم ہیں۔

ایرانی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ کے ’المنار ٹیلی وژن‘ نے کہا ہے کہ اس حملے میں حماس پولٹ بیورو کے نائب سربراہ صالح العاروری بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے غزہ میں حملے تیز کر دیے ہیں، رہائشی علاقوں، پناہ گزین کیمپوں، ہسپتالوں کے اطراف شدید بمباری سےگزشتہ 24 گھنٹوں میں 200 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔