عالمی منڈی میں پام آئل کی قیمت میں سالانہ بنیادوں پر نمایاں کمی

کراچی(این این آئی)عالمی منڈی میں پام آئل کی قیمت میں سالانہ بنیادوں پر نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال 2022 کے آخری دن 31دسمبر کو انٹرنیشنل مارکیٹ میں پام آئل کی قیمت 887 ڈالر 93سینٹ فی میٹرک ٹن تھی جو 31 دسمبر 2023 کو 783ڈالر 55سینٹ فی میٹرک ٹن ہو گئی ہے۔ ایک سال کے دوران پام آئل قیمت میں 104 ڈالر ٹن سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی۔

پام آئل کی انٹرنیشنل مارکیٹ میں 104ڈالر 38سینٹ کی کمی ہوئی جو 11اعشاریہ 66فیصد کمی بنتی ہے مگر پاکستان میں پام آئل سے بننے والے خوردنی تیل اور گھی کی قیمت میں اس تناسب سے کمی نہیں کی گئی۔دوسری جانب گندم کی قیمت میں تو 8 روپے 47پیسے کلو کمی ہوئی جو 9اعشاریہ 89فیصد کمی بنتی ہے مگر عوام کو اسی تناسب سے کم ریٹ پر آٹا نہیں مل رہا۔