سوئی ناردرن نے صارفین پر اربوں روپے کا ٹیکس نافذ کردیا

لاہور ( این این آئی) سوئی ناردرن گیس کمپنی کی جانب سے صارفین پر اربوں روپے کا ایک اور ٹیکس نافذ کردیا گیا،گیس کے بلوں میں ماہانہ فکسڈ چارجز نومبر کے بلز میں شامل کر دیئے گئے ہیں۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ کمپنیوں نے اپنے لاسز پورے کرنے کے لیے اوگرا کے ساتھ مل کر آسان راستہ تلاش کیا اور صارفین پر اربوں روپے کا ماہانہ فکسڈ چارجز کے نام پر ایک اور ٹیکس لاگو کردیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا نے خاموشی سے فکسڈ چارجز وصولی کی اجازت دے دی ہے۔

حکام کے مطابق پروٹیکٹڈ صارفین 0.9ہیکٹا میٹر گیس استعمال والے ماہانہ 400روپے فکسڈ چارجز دیں گے ۔ نان پروٹیکٹڈ 1.5ہیکٹا میٹرتک گیس استعمال والے 1000روپے ماہانہ اضافی بل دیں گے۔ اس سے زائد استعمال والے صارفین ماہانہ 2 ہزار روپے اضافی فکسڈ رقم ادا کریں گے ۔سوئی گیس حکام کے مطابق جس صارف کا استعمال صفر ہو گا وہ بھی 400 روپے ادا کرنے کا پابند ہو گا ۔

یہ ماہانہ فکسڈ چارجز حکومت کی منظوری سے شامل کیے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ماہانہ فکسڈ اضافی چارجز کو صارفین صرف ہائی کورٹ میں چیلنج کر سکتے ہیں۔ ماہانہ فکسڈ ٹیکس گیس کمپنی کے 80لاکھ کنزیومر پر لاگو ہو گا ۔ ایک اندازے کے مطابق سالانہ 60 سے 70 ارب روپے بنتے ہیں ۔