بیجنگ: (انٹرنیشنل ڈیسک) چین میں شدید زلزلے نے تباہی مچا دی، متعدد رہائشی عمارتیں زمین بوس ہونے سے 118 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے اور درجنوں لاپتا ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق زلزلے کے جھٹکے چین کے شمال مغربی شہر گانسو میں محسوس ہوئے، ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 6.2 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کی گہرائی 35 کلو میٹر جبکہ مرکز صوبے لانزو کے دارالحکومت سے 102 کلو میٹر دور جنوب مغرب تھا۔
متعدد شہری زلزلے کے بعد گرنے والی عمارتوں کے نیچے دب گئے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، زلزلے کے بعد متاثرہ علاقوں کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، رات کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
چین کی حکومت کی جانب سے ڈیزاسٹر ریلیف ایمرجنسی کو فعال کر دیا گیا ہے اور ریسکیو کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ زلزلے کے اثرات کا جائزہ لینے اور مقامی امدادی کارروائیوں کے لیے رہنمائی فراہم کرنے کے لیے ایک ورک ٹیم کو متاثرہ علاقوں میں روانہ کر دیا گیا ہے۔
زلزلے سے زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔