چینی لہسن غیر محفوظ اور امریکا کی قومی سلامتی کیلئے خطرہ قرار

واشنگٹن(این این آئی)امریکی سینیٹر نے چینی لہسن کو امریکا کی قومی سلامتی کیلئے خطرہ اور غیر محفوظ قرار دے دیا۔عرب ٹی وی کے مطابق ریپبلکن پارٹی کے سینیٹر رک سکاٹ نے وزیر تجارت کو خط لکھ کر دعوی کیا ہے کہ چینی لہسن غیر محفوظ ہے۔ یہ چینی لہسن گندے طریقوں سے اگایا جاتا ہے۔

امریکی سینیٹر نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ چین سے لہسن کی درآمد کے قومی سلامتی پر اثرات کی تحقیقات کی جائیں۔ بیرون ملک میں اگائے جانے والے لہسن کے معیار کے حوالے سے امریکی عوام کی صحت کو لے کر شدید تحفظات ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ چینی لہسن کو اگانے کا طریقہ ریکارڈ کیا جاتا ہے جس میں آن لائن ویڈیوز، کوکنگ بلاگز اور دستاویزی فلمیں شامل ہوتی ہیں۔ علاوہ ازیں ایک امریکی سینیٹر نے یہاں تک دعوی کیا کہ یہ لہسن سیوریج کے پانی میں اگایا جا رہا ہے۔