امریکہ کا بھارت سے سکھ رہنماؤں کے قاتلوں کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ

واشنگٹن: (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکہ نے بھارت سے سکھ رہنماؤں کے قتل کے معاملے پر شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کر دیا۔

ہردیپ سنگھ نجر کے قتل اور گرپتونت سنگھ پنوں کے ممکنہ قتل میں بھارتی ایجنسیوں کے ملوث ہونے کے ثبوت منظر عام پر آ گئے جس کے بعد امریکہ نے سکھ رہنماؤں کے قتل میں ملوث افراد کے خلاف شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

امریکہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سکھ رہنماؤں کے قتل کی تحقیقات میں کینیڈا کے ساتھ ہیں، حملوں کے ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

قبل ازیں کینیڈین وزیراعظم نے ہردیپ سنگھ کے قتل میں بھارتی ایجنسیوں کے ملوث ہونے کی تصدیق کی تھی جس کے ساتھ ہی کینیڈا نے بھارتی حکام سے ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں تحقیقات اور تعاون کا مطالبہ کیا تھا۔