تل ابیب: (انٹرنیشنل ویب ڈیسک) اسرائیل نے امریکا سمیت متعدد ممالک سے 10 ہزار ٹن سے زیادہ فوجی ساز و سامان ملنے کی تصدیق کر دی۔ اسرائیلی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیل کو متعدد ممالک سے فوجی ساز و سامان سے بھرے 200 کارگو طیارے ملے جن میں 10 ہزار ٹن سے زیادہ ساز و سامان اسرائیل پہنچایا گیا، اس میں ہتھیار، گولہ بارود اور فوجی گاڑیاں شامل ہیں۔
دوسری جانب ایمنسٹی انٹرنیشنل نے دعویٰ کیا تھا کہ 13 اکتوبر کو غزہ پر ہونے والے اسرائیلی حملے میں 43 سویلینز شہید ہوئے اس حملے کیلئے امریکا میں بنا ویپن گائیڈنس سسٹم استعمال ہوا۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق دیر البلا میں ملبے کا معائنہ کرنے پر وہاں سے امریکی ساختہ جوائنٹ ڈائریکٹ اٹیک میونیشنز گائیڈنس سسٹم (جے ڈیم) کے پرزے ملے تھے۔
واضح رہے کہ 13 اکتوبر کو اسرائیلی حملے میں خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے ایسام عبد اللہ جاں بحق جبکہ الجزیرہ کے کیمرہ پرسن ایلی براکھیا اور رپورٹر کارمن جوکھادر سمیت 6 زخمی ہوئے تھے۔
غزہ میں اسرائیل کی انسانیت سوز کارروائیاں اور فلسطینیوں کی نسل کشی کا سلسلہ پچھلے دو ماہ سے جاری ہے، 7 اکتوبر سے اب تک 17 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، شہدا میں نصف سے زائد تعداد صرف بچوں اور عورتوں پر مشتمل ہے۔