ابوجا: (انٹرنیشنل ویب ڈیسک) نائیجیریا میں فوج نے باغیوں کیخلاف آپریشن کے دوران میلاد النبیؐ کی محفل میں مشغول شہریوں پر غلطی سے ڈرون حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 85 افراد شہید، 60 سے زائد زخمی ہو گئے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نائیجیریا کی فوج کی جانب سے کدونا ریاست کے ایگابی کونسل کے علاقے کے توڈون بیری گاؤں میں جنگجو باغیوں کی ایک میٹنگ کی خفیہ اطلاع پر ڈرون حملہ کیا گیا۔
نائیجیریا کی فوج نے جس جگہ ڈرون گرایا وہاں باغیوں کی میٹنگ کے بجائے میلاد النبیؐ کی تقریب جاری تھی اور 300 سے زائد افراد وہاں موجود تھے جس میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔
نائیجیرین فوج کے ترجمان نے حملے کے بعد افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے پر انکوائری کی جائے گی اور آئندہ ایسا کوئی واقعہ نہ ہونے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔
دوسری جانب ایمنسٹی انٹرنیشنل نائیجیریا نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈرون حملے میں 120 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ نیشنل ایمرجنسی منیجمنٹ ایجنسی کے مطابق 85 افراد کی تدفین کر دی گئی۔