اسلام آباد: (کامرس ڈیسک) مالی سال 2022-23 کے دوران نان لسٹڈ کمپنیوں کو قوانین کی خلاف ورزی پر 5.2 ارب روپے جرمانہ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق لسٹڈ کمپنیوں پر بھی ساڑھے پانچ کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا گیا، ایس ای سی پی کے مطابق سال 2023ء کے دوران مجموعی طور پر 1 ہزار 383 آرڈر پاس کئے گئے، اینٹی منی لانڈرنگ قوانین کے 83 کیسز میں ایک کروڑ سے زیادہ جرمانہ عائد کیا گیا۔
صارفین سے غیر قانونی رقوم وصول کرنے والی کمپنیوں کیخلاف کارروائی کی گئی، صارفین سے ڈیپازٹس لینے والی 24 کمپنیوں پر 5 ارب 22 کروڑ روپے جرمانہ ہوا، گوگل، پی ٹی اے، ایف آئی اے کی مدد سے 120 سے زائد کمپنیوں کیخلاف کارروائی کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں نمایاں اضافہ ہوا، ایس ای سی پی سال 2022-23 کے دوران 27 ہزار 746 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ کی گئیں، 30 جون 2023ء تک کمپنیوں کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 96 ہزار805 تک پہنچ گئی۔
ایس ای سی پی کے مطابق نان بینکنگ فنانشل سیکٹر کی گروتھ میں 35.9 فیصد اضافہ ہوا، انشورنس سیکٹر کے ریونیو میں 34 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، گروتھ میں بہتری کی وجہ پالیسی اصلاحات اور صارفین کا تحفظ ہے۔