روس یوکرین جنگ کے دوران ایک اور روسی جنرل ہلاک، مقامی گورنر کی تصدیق

ماسکو: (انٹرنیشنل ویب ڈیسک) یوکرین میں جاری جنگ کے دوران روس کی فوج کا ایک اور جنرل ہلاک ہو گیا، مقامی گورنر نے ہلاکت کی تصدیق کر دی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق یوکرین کی سرحد سے متصل روسی علاقے ورونیزھ کے گورنر نے کہا ہے کہ یوکرینی فوج سے لڑائی میں میجر جنرل ولادیمیر زاوادسکی مارے گئے ہیں۔

روسی گورنر کے مطابق میجر جنرل ولادیمیر زاوادسکی روسی آرمی کی 14 ویں کور کے ڈپٹی کمانڈر تھے اور ان کی ہلاکت ایک خصوصی آپریشن کے دوران ہوئی، روسی عہدیدار نے اس حوالے سے مزید تفصیل نہیں بتائی۔

روسی گورنر نے میجر جنرل ولادیمیر زاوادسکی کی موت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سابق ٹینک کمانڈر تھے، ان کی موت بھاری نقصان ہے۔

واضح رہے کہ ولادیمیر زاوادسکی یوکرین کی دو سالہ جنگ کے دوران ہلاک ہونے والے ساتویں میجر جنرل ہیں جن کی ہلاکت کی روس کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے، اس کے علاوہ یوکرین کی جنگ میں روس کو بھاری جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔