نیتن یاہو خطے کے مستقبل سے جوا کھیل رہے: ترک صدر، انسانی اقدار کو پامال کیا گیا: امیر قطر

دوحہ: (انٹرنیشنل ڈیسک) خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کی 44 ویں سربراہ کانفرنس دوحہ میں ہوئی جس میں بحرین، کویت، عمان، سعودی عرب ،متحدہ عرب امارات کے رہنماؤں اور ترک صدر نے شرکت کی۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے جی سی سی سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیتن یاہو پورے خطے کے مستقبل سے جُوا کھیل رہے ہیں، اسرائیل نے غزہ میں بچوں اور عورتوں کا قتل عام کیا۔

رجب طیب اردوان نے کہا کہ اسرائیل نے بین الاقوامی اور جنگی قوانین کی خلاف ورزی کی، اسرائیل کو بین الاقوامی اور جنگی قوانین کی خلاف ورزی پر سزا دی جائے۔

ترک صدر کا مزید کہنا تھا کہ ترکیہ غزہ میں مستقل جنگ بندی چاہتا ہے، غزہ میں انسانی بنیادوں پر امداد پہنچنے کا سلسلہ جاری رہنا چاہئے، جنگ کے ذریعے نیتن یاہو اپنی سیاست بچانا چاہتا ہے۔

امیر قطر شیخ تمیم بن حماد

جی سی سی سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے امیر قطر شیخ تمیم بن حماد نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیل نے تمام انسانی اقدار کو پامال کیا، اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔

امیر قطر نے کہا کہ اسرائیل فلسطین تنازع کو حل کرنے کے بجائے عالمی رہنماؤں نے شرمناک رویہ اختیار کر رکھا ہے۔

شیخ تمیم بن حماد کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج نے غزہ میں عورتوں، بچوں اور عام شہریوں کا قتل عام کیا، اقوام متحدہ اسرائیل کو غزہ میں جنگ بند کرنے پر مجبور کرے۔