نئی دہلی: (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) بھارت میں ماں کی لاش کو ایک سال تک گھر میں رکھنے والی 2 بہنوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق بھارت میں اپنی نوعیت کا ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں ایک سال تک اپنی مردہ ماں کی لاش کو گھر میں رکھنے والی 2 بہنوں کو گرفتار کر لیا گیا، ریاست اترپردیش کے شہر ورانسی کی رہائشی 2 بہنیں ایک سال سے اپنی مردہ والدہ کی لاش کے ساتھ گھر میں رہ رہی تھیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ خاتون کی گزشتہ سال دسمبر میں موت ہو گئی تھی لیکن ان کی بیٹیوں نے ان کی آخری رسومات ادا نہیں کیں اور لاش کو گھر کے ایک کمرے میں بند کر کے رکھ دیا تاہم ایک سال بعد واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس اہلکار موقع پر پہنچے اور دونوں بہنوں کا بھانڈا پھوٹا۔
پولیس نے بتایا کہ 52 سالہ اوشا ترپاٹھی نامی خاتون طویل علالت کے بعد گزشتہ سال انتقال کر گئیں تھیں، خاتون کا شوہر دو سال قبل گھر چھوڑ کر جا چکا تھا اور اپنی بیوی کی موت کے بعد بھی گھر نہیں آیا تھا جبکہ ان کی دو بیٹیوں 27 سالہ پلوی ترپاٹھی اور 18 سالہ ویشوک ترپاٹھی نے اپنی ماں کی موت کے بعد ان کی آخری رسومات ادا نہیں کیں اور لاش کو کمرے میں رکھ کر تالا لگا دیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں بہنیں گزشتہ ایک ہفتے سے گھر سے باہر نہیں گئی تھیں اور مستقل طور پر دروازہ بند ہونے کی وجہ سے پڑوسیوں کو شک ہوا اور انہوں نے دروازہ کھٹکھٹایا لیکن جب وہ نہ کھلا تو انہوں نے پولیس کو اطلاع دی۔
پڑوسیوں کی اطلاع پر جب پولیس موقع پر پہنچی اور گھر کا دروازہ نہ کھلنے پر پولیس نے اسے توڑا اور پھر تلاشی کے دوران کمرے کا دروازہ بھی توڑا اور اندر داخل ہوئے تو لاش پڑی ہوئی تھی، دونوں بہنیں بھی ایک ہی کمرے میں بیٹھی پائی گئیں، پولیس نے دونوں بہنوں کو حراست میں لے لیا ہے اور واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔