چینی ،چائے کی پتی،گھی ،گندم کا آٹا سستا ہوگیا

اسلام آباد (این این آئی)ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی کے باوجود ایک ہفتے میں13اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح کم ہونے کے باوجود ایک ہفتے کے دوران 13اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ،14کی قیمتوں میں کمی جبکہ 24اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران ملک میں مہنگائی کی شرح میں 0.23فیصد کمی ہوئی جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح ابھی بھی41.05فیصد ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے پیاز فی کلو 22روپے 68پیسے مہنگے ہوئے،لہسن کی فی کلو قیمت میں 13روپے ،دال ماش کی فی کلو قیمت میں 3روپے 49 پیسے ،دال مسور کی فی کلوقیمت میں 1روپے 50پیسے اضافہ ہوا جبکہ رواں ہفتے انڈے فی درجن ایک روپے سے زائد مہنگے ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے ٹماٹر فی کلو 28روپے 95پیسے ،آلو کی فی کلو قیمت میں 4روپے ،چینی کی فی کلو قیمت میں 1روپے 50 پیسے تک کمی ہوئی جبکہ چائے کی پتی،گھی ،گندم کا آٹا بھی سستا ہوا۔رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران بریڈ ماچس،کپڑوں سمیت 24اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔