سکول بم سے اڑانے کی دھمکی پر بھارت میں ہلچل، بم ڈسپوزل سکواڈ طلب

بنگلور(این این آئی )ریاست کرناٹک کے 20 اسکولوں میں بم رکھنے کی اطلاع پر بم ڈسپوزل اسکواڈ اور بھارتی پولیس کیبھاری نفری طلب کرلی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بنگلور میں پولیس کو ایک میل موصول ہوئی جس میں ان 20 سکولوں کے نام بتائے گئے تھے جہاں بم رکھے گئے تھے اور مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں اسکولوں کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی دی گئی تھی۔ اسکولوں کو بھی ای میل کی گئی تھی جس پر انتظامیہ نے والدین کو مطلع کرکے فوری طور پر اسکول کو خالی کردیا۔

بھارتی ٹی وی کے مطابق اسی دوران پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ بھی پہنچ گیا۔پولیس کا ترجمان کا کہنا ہے کہ آئی ٹی ٹیم ای میل بھیجنے والے کا سراغ لگا رہی ہے۔ ہم ایسی صورت حال میں اس دھمکی کو سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں۔ سرچ آپریشن جاری ہے۔ والدین اور میڈیا سے تعاون کی درخواست ہے۔رواں ہفتے ممبئی کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں بھی بم رکھنے سے متعلق ای میل موصول ہوئی تھی اور دھمکی دی گئی تھی کہ 48 گھنٹوں میں مطالبات نہ مانے گئے تو دھماکا کردیں گے۔ممبئی پولیس بھی ای میل کرنے والے کا سراغ لگانے میں ناکام رہی تھی اور اب ایک ہفتے میں یہ دوسرا واقعہ ہوا ہے۔