پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 7روز بعد تبدیل کرنے کا پلان تیار

اسلام آباد(این این آئی)پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 15روز کے بجائے 7روز بعد تبدیل کرنے کا پلان تیار کر لیا گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل سے متعلق حکومت نے نیاطریقہ اپنا لیا۔اس سلسلے میں پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن اور اسٹیک ہولڈز سے مشاورت کیلئے خط جاری کیا گیا ہے۔نئے پلان کیلئے اسٹیک ہولڈز سے 5روز میں تجاوز طلب کی گئی ہیں۔

آل پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے 7روز بعد کے پلان کو مسترد کر دیا ہے۔ چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرزایسوسی ایشن عبدالسمیع خان کا کہنا ہے کہ ہر ہفتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین نہیں کیا جاسکتا ہم نے15روز کے بجائے 30روز پر قیمت کے تعین کی تجویز دی تھی۔انہوںنے کہاکہ ہر ہفتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت کے تعین سے پمپس تباہ ہوجائیں گے ایسے فیصلے نہ کئے جائیں جس سے مسائل پیدا ہوں۔