فوجی اڈوں پر راکٹوں اور مسلح ڈرونز سے چار مرتبہ حملہ کیا گیا لیکن کوئی جانی نقصان ومالی نہیں ہوا،رپورٹ
واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی افواج پر عراق اور شام میں راکٹوں اور مسلح ڈرونز سے چار مرتبہ حملہ کیا گیا۔غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک امریکی فوجی اہلکار نے بتایا کہ فوجی اڈوں پر راکٹوں اور مسلح ڈرونز سے چار مرتبہ حملہ کیا گیا لیکن کوئی جانی نقصان ومالی نہیں ہوا۔نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کرتے ہوئے اہلکار نے کہا کہ امریکی اور بین الاقوامی افواج نے شمال مشرقی شام میں دو مقامات پر متعدد راکٹوں سے جوابی کارروائی بھی کی ہے۔
عراقی دار الحکومت بغداد کے مغرب میں عین الاسد ایئربیس پر متعدد ڈرون لانچ کیے گئے اور شمالی عراق میں اربیل ہوائی اڈے کے قریب امریکی افواج کی رہائش گاہ پر ایک ڈرون لانچ کیا گیا۔واضح رہے کہ عراق میں اسلامی مزاحمت کے ایک گروپ کو ایران کی حمایت حاصل ہے، اس نے مذکورہ مقامات پر حملوں کا دعوی کیا تھا۔حملے ایک ایسے دن ہوئے جب امریکا نے بغداد کے جنوب میں ایران سے منسلک کاتب حزب اللہ کے مسلح گروپ کو ایک حملے میں نشانہ بنایا، جس میں ان کے مطابق آٹھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔اس کے علاہ عراقی حکومت کی جانب سے اس حملے کی شدید مذمت کی گئی اور اسے خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔