تہران : (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) ایران کے وزیر خارجہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی میں توسیع نہ کی گئی تو غزہ میں جاری جنگ پورے مشرق وسطیٰ تک پھیل جائے گی۔
عرب میڈیا کے مطابق وزیر خارجہ حسین امیر عباللہیان کا یہ بیان اسرائیل اور حماس کے درمیان چار روزہ جنگ بندی کے معاہدے کے بعد آیا ہے۔
ایرانی اداروں سے منسلک ایک خبر رساں ادارے نور کے مطابق امیر عبداللہیان ان دنوں خطے میں ایک کثیر ملکی دورے کی تیاری کر رہے ہیں ، وزیر خارجہ کا یہ دورہ صہیونی رجیم کے غزہ پر بد ترین حملوں اور جنگ بندی کے تناظر میں ہو گا۔
واضح رہے ترکیہ کے صدر رجب طیب نے بھی اسرائیل حماس جنگ بندی اعلان کے بعد عندیہ دیا ہے کہ وہ کسی بھی وقت مصر کے دورے پر جا سکتے ہیں۔
گزشتہ روز حماس اور اسرائیل کے درمیان قطر کی ثالثی میں عارضی جنگ بندی کا معاہدہ ہوا تھا ، معاہدے کے تحت، اسرائیل سے ڈیڑھ سو فلسطینی خواتین اور بچوں کی رہائی کے بدلے حماس کی جانب سے پچاس یرغمالی خواتین اور بچوں کو رہا کیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق معاہدے میں غزہ کے لیے انسانی امداد اور ایندھن کی فراہمی بھی شامل ہے ۔