ماسکو، کیپ ٹاؤن، ایڈن برگ : (انٹرنیشنل ڈیسک) روس سمیت دیگر ممالک کے سربراہان کی جانب سے غزہ میں فوری طور پر جنگ بندی پر زور دیا گیا۔روسی صدرولادمیر پیوٹن نے کہا کہ فلسطین اسرائیل تنازع جنگ سے نہیں بلکہ بات چیت سے حل کیا جائے، تنازعات میں انسانی ہمدردی پر جنگ میں وقفے کی فوری ضرورت ہے، تنازع کو حل کرنے میں سیاسی کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔
جنوبی افریقن صدرسیرل راما فوسا نے کہا کہ غزہ پر حملہ کر کے اسرائیل جنگی جرائم کا مرتکب ہو چکا ہے، غزہ میں فلسطینی عوام کی نسل کشی کی جارہی ہے، تمام رہنما غزہ میں جنگ بندی میں کردار ادا کریں۔
مزید برآں سکاٹش فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف نے کہا کہ امید ہے کہ سکاٹش پارلیمنٹ میں بھی غزہ میں جنگ بندی کی تحریک منظور ہو گی، 2 ہفتوں سے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کر رہا ہوں ، مسئلہ فلسطین کا واحد حل دو ریاستوں کا قیام ہے، فلسطینیوں سے الگ ریاست کا وعدہ کرنے والے اپنے بیان سے مکر گئے ہیں۔