انتونیو گوتریس کا ایک بار پھر عالمی طاقتوں سے غزہ میں جنگ بند کرانے کا مطالبہ

نیو یارک: (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ایک مرتبہ پھر عالمی طاقتوں سے غزہ میں جنگ بند کرانے کا مطالبہ کر دیا۔

غزہ میں ہسپتالوں کی صورتحال پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے غزہ میں فلسطینیوں کے قتل عام کی مذمت کی اور کہا کہ عالمی طاقتیں غزہ میں فوری جنگ بندی کرائیں، جنگ کو ایک موقع سمجھ کر مسئلے کو حل کیا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے 7 اکتوبر کو شروع کی جانے والی کارروائی اب تک جاری ہے، اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 13 ہزار سے زائد ہو گئی جن میں 5500 بچے شامل ہیں، رپورٹس کے مطابق ہر 10 منٹ میں ایک بچہ زندگی سے ناطہ توڑ رہا ہے، بمباری کے نتیجے میں 1800 بچوں کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں۔

اقوام متحدہ نے متعدد بار تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نے غزہ کو بچوں کا قبرستان بنا دیا ہے اور فوری جنگ بندی ہونی چاہیے لیکن اسرائیلی ہٹ دھرمی برقرار ہے اور معصوم بچوں کی سسکیاں اور آہ و زاری بھی ظالم فوج کے پتھر دل پگھلا نہ سکی۔