قطر کی ثالثی میں ہونے والے اسرائیل حماس ممکنہ معاہدے کے نکات سامنے آگئے

حماس 50مغوی،اسرائیل 120فلطینی قیدی رہا کرے گا،تین روزکی جنگ بندی بھی ہوگی

تل ابیب(انٹرنیشنل ڈیسک) قطر اسرائیل اور حماس کے درمیان امریکا کی مدد سے ایک ایسے معاہدے کے قریب پہنچ گیا ہے جس میں 50 یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے غزہ میں 3 روز کے لیے جنگ بندی کی جائے گی۔عرب ٹی وی کیمطابق مذاکرات میں شامل ایک ذریعے کے حوالے سے دعوی کیاگیا کہ غزہ میں حماس کے پاس 200 سے زائد اسرائیلی یرغمال ہیں جن میں سے 50 بچوں اور خواتین کو رہا کرنے پر حماس نے رضامندی ظاہر کی ہے۔

اس کے بدلے میں اسرائیل بھی اپنی جیلوں میں قید 120 فلسطینی بچوں اور خواتین کو رہا کردے گا تاہم اسرائیل کا اصرار ہے کہ حماس 50 کے بجائے یرغمال بنائے گئے 100 خواتین اور بچوں کو رہا کرے۔قطر سے تعلق رکھنے والے مذاکرات کار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر یہ بھی بتایا کہ اگر دونوں جانب سے یرغمالیوں کی رہائی پر عمل درآمد کردیا جاتا ہے تو غزہ میں 3 دن کے لیے جنگ بندی کی جائے گی۔ان 3 دنوں میں یرغمالیوں کا تبادلہ کیا جائے گا، غیر ملکیوں کے انخلا کا عمل تیز ہوگا اور غزہ میں انسانی ضروریات کی چیزیں امداد کی شکل میں مہیا کی جائیں گی۔امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ اگر ایک بار جنگ میں تعطل آگیا تو یہ مکمل سیزفائر کی جانب پہلا قدم ثابت ہوگا۔