غزہ کے الشفا ہسپتال پر اسرائیلی حملے کی خبرتشویشناک، ہسپتال میدان جنگ نہیں: اقوام متحدہ

جینیوا: (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) اقوام متحدہ کے ادارہ برائے صحت (ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن) کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ازہانوم گیبریئس نے کہا ہے کہ غزہ کے شفا ہسپتال پر اسرائیلی فوجی حملے کی خبر انتہائی تشویشناک ہے، ہسپتال میدان جنگ نہیں۔

خبررساں ادارے کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اسرائیلی فوجیوں کے شفا ہسپتال پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ ہم طبی عملے اور مریضوں کی حفاظت بارے فکر مند ہیں کیونکہ ہسپتال کے عملے کے ساتھ ان کے رابطے دوبارہ ختم ہو گئے ہیں۔

خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے بدھ کی صبح الشفا ہسپتال پر دھاوا بول دیا، جس میں تقریباً 2,300 لوگ اب بھی اندر ہیں، اقوام متحدہ کے مطابق ہسپتال کے اندرمریض اور بے گھر افراد بھی موجود ہیں۔

100 سے زائد اسرائیلی فوجی غزہ کے الشفا ہسپتال میں داخل ہوئے اور مریضوں اور پناہ گزینوں سے پوچھ گچھ کی جبکہ 200 فلسطینیوں کوحراست میں لےلیاگیا ، ہسپتال میں میتوں کی بے حرمتی پر ڈاکٹرز نے شدید احتجاج کیا ۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل برائے انسانی امور اور ہنگامی امداد کوآرڈینیٹر مارٹن گریفتھس نے ایکس پر جاری پوسٹ میں کہا کہ وہ شفا ہسپتال (غزہ میں) پر فوجی حملے کی خبر سے خوفزدہ ہیں ، ہسپتال میدان جنگ نہیں ۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوزائیدہ بچوں، مریضوں، طبی عملے اور تمام شہریوں کے تحفظ کو دیگر تمام خدشات پر ترجیح دی جانی چاہیے۔ واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیلی بمباری سے شہید ہونیوالوں کی تعداد سارھے 11ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جس میں 4ہزار 660 بچے اور 3ہزار سے زائد خواتین شامل ہیں۔