غزہ: (انٹرنیشنل ڈیسک) حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے اسرائیل سے 5 روزہ جنگ بندی کے بدلے یرغمال خواتین و بچوں کی رہائی پر آمادگی ظاہر کر دی۔
ابوعبیدہ نے آڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں 5 دن جنگ بندی کے بدلے 70 یرغمالی خواتین و بچوں کو رہا کرنے پر تیار ہیں، قطری ثالثیوں کو بتا دیا ہے کہ یرغمالیوں کی رہائی کی صورت میں ہر انسانی امداد کی اجازت ہونی چاہیے۔
اس سے قبل اپنے پیغام میں القسام بریگیڈز کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہمارے جنگجو زیر زمین، زمین پر اور ملبے کے نیچے سے حملے کر کے دشمن کو سرپرائز دے رہے ہیں، ہمارے جنگجو دشمن کے ٹینکوں اور بلڈوزروں کو تباہ کر رہے ہیں۔
ابوعبیدہ کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج نے صرف ایک ہی مقصد حاصل کیا ہے اور وہ قتل عام اور مظالم ہے، دشمن کو ایک دن یا ایک گھنٹہ بھی سکون نہیں ملے گا اور جارحیت کی قیمت چکائے گا۔