کراچی (نیوز ڈیسک) کمشنر کراچی محمد سلیم راجپوت نے زندہ مرغی اور مرغی کے گوشت کے نرخ مقرر کر کے اسکا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق کمشنر کراچی نے نرخ مقرر کرنے سے قبل ایک کمیٹی بنائی تھی جس کے سربراہ ایڈیشنل کمشنر اعجاز حسین رندتھے۔کمیٹی نے مرغی کے تاجروں سے متعدد اجلاس منعقد کئے اور اس کے بعد کمشنر کراچی نے نرخ مقرر کر کے اسکا نوٹیفکیشن جاری کردیا اورہر بدھ کو کمشنر کراچی نرخ کے بارے میں خود فیصلہ کیا کرینگے۔
کمشنر کراچی نے انتباہ کیا ہے کہ اگر کسی بھی مرغی فروش نے اس قیمت سے زائد ریٹ پر گوشت اور مرغی بیچی تو اس کے خلاف قانونی طور پر کارروائی کی جائے گی۔ زندہ مرغی اور گوشت کے نرخ یہ ہیں،زندہ مرغی فارم 310روپے کلو گرام، زندہ برائلر فارم ریٹ 318روپے کلو گرام، زندہ برائلر ہول سیل ریٹ 324روپے کلو گرام، برائلر گوشت ریٹ 502روپے کلو گرام ہیں۔ اجلاس میں سندھ پولٹری ریٹیلر ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے صدر ایم راو افضل،ممبران عبدالوحید، ندیم قریشی اور سندھ تاجران الائنس کے عمران بٹ اور سرکار کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر لیاری، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر، اسسٹنٹ کمشنر ریوینو اور دیگر نے شرکت کی۔