اسلام آباد (کامرس ڈیسک) فن لینڈ کی ٹیلی کام کمپنی’ نوکیا‘ نے اخراجات کو کم کرنے کے لیے 2026 کے آخر تک 9,000 سے 14,000 کے درمیان ملازمتیں ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔یہ اعلان اس وقت کیا گیا جب کمپنی نے جولائی اور ستمبر کے درمیان فروخت میں 20 فیصد کمی کی اطلاع دی ہے۔نوکیا کے فی الحال دنیا بھر میں 86,000 ملازمین ہیں اور کمپنی 2015 سے اب تک ہزاروں ملازمتیں ختم کر چکی ہے۔
کمپنی نے کہا ہے کہ نوکیا 2026 تک 800 ملین یوروسے 1.2 بلین یورو کے درمیان لاگت کم کرنا چاہتا ہے۔چیف ایگزیکٹیو پیکا لنڈ مارک نے کہا کہ کلاؤڈ کمپیوٹنگ اور اے آئی میں پیشرفت کے لیے ان نیٹ ورکس میں نمایاں سرمایہ کاری کی ضرورت ہوگی جن کی صلاحیتوں میں کافی بہتری آئی ہے۔تاہم، مارکیٹ کی بحالی کے غیر یقینی وقت کو دیکھتے ہوئے، ہم اب فیصلہ کن کارروائی کر رہے ہیں۔
اس نے کہا کہ وہ 2024 میں 400 ملین یورو اور 2025 میں 300 ملین یورو کی لاگت کو کم کرنا چاہتے ہیں ۔نوکیا کسی زمانے میں دنیا کا سب سے بڑا ہینڈ سیٹ بنانے والا ادارہ تھا، لیکن وہ انٹرنیٹ سے چلنے والے ٹچ سکرین فونز جیسے کہ ایپل کے آئی فون اور سام سنگ کے گلیکسی کی مقبولیت کا اندازہ لگانے میں ناکام رہا اور آخر کار اسے حریفوں نے مات دیدی ۔مائیکروسافٹ کو اپنا ہینڈ سیٹ کاروبار بیچنے کے بعدنوکیا ٹیلی کام آلات بنانے پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہے۔