اسلام آباد : (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کرنے لگا، غزہ کے ہسپتال میں اسرائیلی بمباری کیخلاف دنیا بھر شدید احتجاج کیاجارہا ہے ۔
اسرائیل نے درندگی کی ساری حدیں پار کرتے ہوئے غزہ میں قیامت برپا کردی ہے ، غزہ میں ہسپتال پر اسرائیلی میزائل حملے میں 500 سے زائد فلسطینیوں کی شہادت کے بعد پوری دنیامیں بھرپور احتجاج کیا جارہا ہے ، اردن میں ہزاروں افراد نے اسرائیلی سفارتخانے پر دھاوا بول دیا اور گیٹ کو آگ لگا دی ۔
استنبول اور انقرہ میں بھی اسرائیلی قونصلیٹ کے باہر احتجاج کیاگیا جبکہ مظاہرین نے اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق لبنان میں ہزاروں مظاہرین نے امریکا کے سفارت خانے کے سامنے احتجاج کیا ہے، ہزاروں لبنانی مظاہرین نے فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے، مظاہرین نے امریکی سفارت خانے کی باڑ پر فلسطینی پرچم بھی لہرا دیا۔
امریکی سفارتخانے کے باہر مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی گئی۔
علاوہ ازیں دارالحکومت بیروت میں مظاہرین نے اقوامِ متحدہ کی عمارت پر بھی احتجاج کیا ، مظاہرین نے یو این کی عمارت کے باہر چوکی پر توڑ پھوڑ کی اور عمارت کے باہر لگے سی سی ٹی وی کیمرے توڑ دیے۔
تیونس، مصر اور فرانس میں بھی اسرائیلی مظالم کیخلاف مظاہرے کیے گئے ، مصر نے غزہ کے ہسپتال پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے انسانی حقوق اور جنگی قوانین کی خلاف ورزیاں رکوانے کا مطالبہ کیا۔
فلسطینی شہر رام اللہ میں مظاہرین اور فلسطینی حکام کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جس دوران مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا۔
امریکہ میں بھی سینکڑوں لوگوں نے وائٹ ہاؤس کے سامنے غزہ میں اسرائیل کے حملوں کے خلاف احتجاج کیا ہے جبکہ کولمبیا نے اسرائیلی سفیرکوملک بدرکر دیا۔
اسرائیلی سفیر نے کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو کے غزہ سے متعلق بیان پر تنقید کی تھی۔
ترک میڈیا کے مطابق جرمنی کے دارالحکومت برلن کے علاقے نیوکلن میں پولیس نے غزہ میں ہسپتال پر حملے کے بعد فلسطین کی حمایت کا مظاہرہ کر نے کے خواہاں مظاہرین کے خلاف مداخلت کی ، جہاں تقریباً ایک ہزار افراد تاریخی برانڈنبرگ گیٹ کے سامنے جمع ہوئے اور غزہ کے الاہیلی بیپٹسٹ ہسپتال پر حملے کے خلاف احتجاج کرنے کے بعد منتشر ہو گئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات (17 اکتوبر کو) غزہ شہر کے الاہلی عرب ہسپتال پر اسرائیل کی جانب سے فضائی حملہ کیا گیا تھا، وزارت صحت نے بتایا تھا کہ اسرائیلی طیاروں نے ہسپتال کو نشانہ بنایا جس میں طبی عملہ، مریض اور بے گھر ہونے والے افراد پناہ لیے ہوئے تھے۔