غزہ کا محاصرہ ختم اور شہریوں کیلئے امداد کی اجازت دی جائے : عرب لیگ

قاہرہ : (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) عرب وزرائے خارجہ نے غزہ میں جنگ بند کرانے کےلیے عالمی برادری سے فوری کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کا محاصرہ ختم اور شہریوں کےلیے امداد کی اجازت دی جائے۔

عرب میڈیا کے مطابق عرب وزرائے خارجہ نےقاہرہ میں ہنگامی اجلاس کے اختتام پر کہا کہ شہریوں کو نشانہ بنانے پر فریقین کی مذمت کرتے ہیں۔

عرب لیگ کے معاون سیکرٹری جنرل حسام زکی نے اجلاس کے اختتام پر بارہ دفعات پر مشتمل قرارداد جاری کی ہے جس میں کہا گیا کہ غزہ کے خلاف جنگ فورا بند کی جائے، تمام فریق ضبط و تحمل سے کام لیں۔

انہوں نے کہا کہ جنگ جاری رہنے کی صورت میں انسانی مسائل اور المناک صورتحال سے خبردار کرتے ہوئے عالمی برادری سے کہا گیا کہ ’وہ جنگ بند کرانے اور خطے کو خطرے سے بچانے کے لیے فوری اقدام کرے۔

عرب وزرائے خارجہ نے غزہ کی ناکہ بندی ختم کرنے، انسانی امداد کی ترسیل کی فوری اجازت دینے کا مطالبہ کیا۔ اجلاس میں غزہ پٹی کا پانی اور بجلی منقطع کرنے سے متعلق اسرائیلی فیصلے کو منسوخ کرنے پر بھی زور دیا گیا۔

اجلاس میں فلسطینی عوام کی اپنی سرزمین پر ثابت قدمی پر ان کی حمایت اور فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے نکالنے کی کسی بھی کوشش کے سنگین نتائج سے خبردار کیا۔

اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ فلسطینی علاقوں کی تازہ صورتحال پر نظر رکھنے کے لیے اجلاس مسلسل جاری رہے گا۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اسرائیل فلسطین تنازع پراجلاس آج ہوگا، اس سے قبل 15 رکنی سلامتی کونسل کا اتوار کو بندکمرے میں اجلاس ہوا تھا جس دوران اراکین کے درمیان شدید اختلافات سامنے آئے تھے۔

واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں پر ممنوعہ وائٹ فاسفورس بم کا استعمال کرنا شروع کر دیا ہے ، حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 11 سو سے تجاوز کر گئی جن میں 143 بچے اور 105 خواتین بھی شامل ہیں جبکہ 5 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔