لنڈا بازاروں میں خریداروں کا رش، کپڑوں اور جوتوں کے نرخ آسمان پر جا پہنچے

راولپنڈی: (کامرس ڈیسک) موسم کے انگڑائی لیتے ہی لنڈا بازاروں میں خریداروں کا رش بڑھ گیا، لنڈا بازاروں میں بھی پرانے کپڑوں اور جوتوں کے نرخ آسمان پر جا پہنچے۔

موسم نے معمولی انگڑائی کیا لی بڑی تعداد میں شہری سردیوں کی شاپنگ کیلئے لنڈا بازار پہنچ گئے مگر بازار میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں نے خریداروں کے اوسان خطا کر دیئے۔

200 والی لوکل شرٹ 600 سے 800 روپے میں فروخت ہو رہی، 500 والا پرانے جوتوں کا جوڑا اب 1000 روپے میں بھی نہیں مل رہا، بڑھتی مہنگائی سے پریشان خریداروں نے حکومت سے مہنگائی کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب لنڈے بازار کے دکانداروں کا کہنا ہے کہ انہیں پیچھے سے مال مہنگا مل رہا ہے، لوگوں کو جوتے اور کپڑے مہنگے نہ فروخت کریں تو اور کیا کریں۔