واشنگٹن : (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) امریکا کی جانب سے گزشتہ سال ضبط کیے گئے ایرانی گولہ بارود کے ایک ملین راؤنڈز یوکرین کو بھیجیں جائیں گے ۔
عرب میڈیا کے مطابق یہ گولہ بارود گزشتہ سال کے آخر میں ایرانی پاسداران انقلاب سے یمن میں حوثیوں کو منتقل کرنے کے دوران ضبط کیا گیا تھا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کا کہنا ہے کہ ایران کے ضبط شدہ گولہ بارود میں سے 7.22 ایم ایم کے 1.1 ملین راؤنڈز یوکرین بھیجے جائیں گے۔
امریکی حکام نے ماضی میں انکشاف کیا تھا کہ واشنگٹن ہزاروں ضبط کیے گئے ایرانی ہتھیار اور گولہ بارود یوکرین کو منتقل کرے گا۔
اس اقدام سے یوکرین کی فوج میں ہتھیاروں کی شدید قلت کو دور کرنے میں مدد مل سکتی ہے، یوکرین امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے مزید فنڈز اور سامان بھیجنے کا انتظار کر رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ واضح نہیں ہے کہ امریکہ ان ہتھیاروں کی منتقلی کے لیے کس قانونی فریم ورک پر انحصار کرے گا، اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے کہ اقوام متحدہ کا مطالبہ ہے کہ ضبط کیے گئے ہتھیاروں کو تلف یا ذخیرہ کیا جائے۔
امریکی حکام کا کہنا تھا امریکی انتظامیہ کئی ماہ سے اس بات کا مطالعہ کر رہی ہے کہ ان ہتھیاروں کو قانونی طور پر یوکرین کے باشندوں کو کیسے بھیجا جائے، یہ ہتھیار امریکی سینٹرل کمانڈ کی تنصیبات میں محفوظ ہیں۔
دوسری جانب یوکرین کے صدر زیلینسکی نے کہا ہے کہ یوکرین کی فوج کے پاس جوابی حملہ کرنے کے لیے ہتھیاروں اور فضائی دفاع کے ذرائع کی کمی ہے۔
زیلنسکی کاکہنا تھا کہ ہمارا جوابی حملہ قدم بہ قدم جاری ہے، ہم دشمن کو پسپا کرنے کے لیے اپنی استطاعت کے مطابق ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں لیکن اصل مسئلہ بارودی سرنگوں، میزائلوں اور فضائی دفاعی نظام کی کمی کا ہے۔