بجلی کی قیمت بڑھنے سے صارفین پر کتنا بوجھ پڑے گا؟ تفصیلات سامنے آگئیں

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) حکومت نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 3 روپے 28 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بجلی کی قیمت میں تین روپے 28 پیسے فی یونٹ اضافے سے تمام صارفین پر 135 ارب 58 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا، بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم اکتوبر سے 6 ماہ کے لیے ہو گا۔

100 یونٹس استعمال کرنے والے صارفین 328 روپے 14 پیسے ماہانہ اضافی ادا کریں گے، 200 یونٹس والے صارفین پر 656 روپے 28 پیسے ماہانہ اضافی بوجھ پڑے گا۔

300 یونٹ کے استعمال پر 684 روپے 42 پیسے اضافی بل آئے گا، 400 یونٹس کے استعمال پر 912 روپے اضافی ادا کرنا ہوں گےجبکہ 500 یونٹس پر صارفین کو 1140 روپے اضافی بل آئے گا۔

600 یونٹس پر 1368 روپے اضافی ادا کرنا پڑیں گے، 700 یونٹس استعمال کرنے والے صارفین ماہانہ 1596 روپے اضافی ادا کریں گے، کے الیکٹرک سمیت تمام صارفین سے 3 روپے 28 پیسے فی یونٹ اضافی ادائیگی 6 ماہ کے لیے کی جائے گی۔

صارفین 114 ارب روپے کیپسٹی پیمنٹ کی مد میں ادا کریں گے، بجلی کا سسٹم استعمال کرنے کی مد میں 14 ارب روپے صارفین سے وصول کیے جائیں گے۔