یورپی یونین سے کوئی توقعات نہیں، دہشتگرد اپنے عزائم میں ناکام ہونگے: اردوان

انقرہ: (انٹرنیشنل ویب ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ ترکیہ کو یورپی یونین سےکوئی توقعات نہیں ہیں، دہشتگرد کبھی اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔

ترک پارلیمان کے اجلاس سے خطاب میں صدر ردوان کا کہنا تھا کہ آج انقرہ میں دہشت گردی کرنے والے اپنے عزائم میں ناکام ہوگئے، پولیس کی بروقت کارروائی سے حملہ آور مارے گئے، شہر میں دہشت گردی کی یہ آخری لہر ہے، ترکیہ دہشت گردی کے خلاف کوششیں جاری رکھےگا، دہشت گرد کبھی اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔

ترک صدر کا کہنا تھا کہ نئے پارلیمانی سیشن کے لیے نیا آئین ترجیح ہے، ترکیہ مہنگائی کے خلاف کوششیں جاری رکھے گا، ترکیہ کی ترقی کے لیے بہت کام کیا گیا ہے، اب ہم ایسے ملک میں نہیں رہتے جہاں پارلیمان ختم کرکے بغاوت کی جائے، ہماری ذمہ داری ہےکہ شہری نئے آئین کے لیےکام کریں۔

رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین اپنی غلطیاں خصوصاً ویزہ معاملات میں غلطیاں درست نہیں کرتا تو یورپی یونین ہم سے کسی بھی قسم کی توقع کا حق کھو دےگا۔

خیال رہے کہ آج ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں دہشت گرد حملے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔