واشنگٹن : (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) امریکا نے اسرائیل کو ویزا فری ممالک کی فہرست میں شامل کرلیا ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق فیصلے کے بعد اب اسرائیلی شہری بھی امریکا میں بغیر ویزا داخل ہوسکیں گے ، اسرائیلی شہریوں کا امریکا میں ویزوں کے بغیر داخلہ 30 نومبر سے شروع ہوگا۔
خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے امریکی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی اقدام پر صدر بائیڈن کا شکریہ ادا کرتے ہیں ، اس سے اسرائیل، امریکا تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
فیصلے سے متعلق امریکی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلیوں کیلئے ویزہ فری سفر کا اقدام اسرائیل سے سٹریٹجک شراکت داری کا حصہ ہے، اس اقدام سے اسرائیل میں امریکیوں کو بھی آزاد نقل و حرکت کا موقع ملے گا۔
امریکی وزیرخارجہ بلنکن کا مزید کہنا تھا کہ اس فیصلے سے خاص طور پر فلسطینی علاقوں میں رہنے والے امریکی شہریوں کا فائدہ ہوگا۔