روس سے پاکستان کو1000 میٹرک ٹن ایل پی جی گیس کی کھیپ موصول ہوئی ہے، روسی سفارتخانہ
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) خام تیل کے بعد روس نے پاکستان کو گیس بھی مہیا کر دی۔ روسی سفارتخانے کے مطابق روس سے پاکستان کو1000 میٹرک ٹن ایل پی جی گیس کی کھیپ موصول ہوئی ہے۔ روسی سفارتخانے کے مطابق ایل پی جی ایران کے سرخس اکنامک زون کے راستے پاکستان پہنچائی گئی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی دوسری کھیپ کی منتقلی سے متعلق مشاورت جاری ہے۔
واضح رہے کہ روس سے تیل خریداری معاہدے کے بعد روس سے خام تیل کی پہلی کھیپ جون میں کراچی پورٹ پہنچی تھی۔ روسی جہاز” پیور پوائنٹ” 45 ہزار 142 میٹرک ٹن کروڈ آئل لے کر کراچی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوا تھا، روسی خام تیل کے جہاز نے کراچی پورٹ کی آئل پیئر 2 پر تیل ترسیل کی تھی۔ روسی کروڈ کو ریفائنری میں ٹیسٹ بنیاد پر لایا گیا تھا ، پاکستان روس سے اپنی پیٹرولیم مصنوعات کی طلب کا 20 فیصد تک درآمد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
یاد رہے کہ رواں برس مئی میں روسی مال بردار جہاز بھی کراچی بندگارہ پر لنگر انداز ہوا تھا، روسی مال بردار جہاز تاریخ میں پہلی بار براہراست کراچی پہنچا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ روس اور پاکستان کے مابین دوطرفہ تجارتی تعلقات مضبوط ہورہے ہیں، روسی تیل کے پاکستانی آنے سے مستقبل میں پیٹرولیم مصنوعات 20 فیصد تک سستی ہونے کا امکان ہے۔